اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی محنت کے ثمرات ملک کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ خنجراب کے مقام پر چین سے تجارت کی شروعات بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کا ثمر ہے، پاک چین سرحد پر تجارت کی شروعات گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چین نے وزیر خارجہ کی درخواست پر خنجراب کے مقام پر تجارت کا آغاز کیا، گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی بلاول بھٹو زرداری کا مشن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی سازشیں کررہا ہے: آرمی چیف
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مختصر مدت میں پاکستان کو عالمی تنہائی سے نکالا ہے، سوڈان سے پاکستانیوں کی با سلامت وطن واپسی وزارت خارجہ کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شنگھائی کانفرنس میں شرکت سے نئے دور کا آغاز ہو گا۔