مردم شماری پر تحفظات: ایم کیو ایم نے حکومت سے الگ ہونے پر غور شروع کر دیا

Published On 25 April,2023 07:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مردم شماری میں کراچی کو کم گننے پر تحفظات اور اپنے فیصلوں کے حوالے سے ایم کیوایم نے وزیراعظم کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد کل وزیراعظم سے ملاقات کر کے بتائے گا کہ مردم شماری میں کراچی حیدر آباد کو درست شمار نہ کیا گیا تو حکومت سے الگ ہو جائیں گے، ایم کیوایم وفد کا اتحادی جماعتوں کی قیادت کو بھی صورتحال سے آگاہ کرے گا۔

حکومتی اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، اس اہم اجلاس میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال، عدالتی فیصلوں اور زیر غور قانون سازی پر مشاورت کی جائے گی، بیرون ملک موجود پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی بھی کل تک وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔