نوڈیرو: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ ہم بات چیت کے ذریعے اپنے مسئلے حل کریں اور ملک کو بڑے نقصان سے بچائیں۔
عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ رمضان کے بعد عید پر بھی آپ کے ساتھ ہوں، آپ کا اور ہمارا ساتھ نسلوں سے چلا آ رہا ہے، پاکستان کے عوام کی ترقی اور جمہوری جدوجہد کیلئے ہم سب نے نسلوں سے ساتھ دیا ہے، آج پاکستان کی جمہوریت، معیشت اور ریاست امتحان میں ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس صورتحال میں پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، ہم سب ملکر کوشش کریں گے کہ پاکستان کو مسائل سے نکالیں، آج ملک بھر میں تقسیم ہے، سپریم کورٹ میں بھی تقسیم نظر آ رہی ہے، اداروں میں لڑائی کا نقصان عام آدمی اٹھاتا ہے، جب ادارے آمنے سامنے آ جائیں، ایک طرف پارلیمان اور دوسری طرف ہماری اعلیٰ عدلیہ ہے، دونوں ہی ایک دوسرے کے فیصلے نہیں مان رہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پارلیمان کہتی ہے ہم عدالتی فیصلے کو نہیں مانتے اور عدالت پارلیمان کے قانون کو نہیں مانتی تو اس طریقے سے پوری ریاست جام ہو جاتی ہے اور عام آدمی کے مسائل پر توجہ نہیں دی جا سکتی، ادارے آپس کے اختلافات کو بھول جاتے تو ہماری پوری توجہ معاشی بحران پر ہوتی، مسائل اسی طرح رہے تو عام آدمی کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادیوں کو منانے کی کوشش کر رہی ہے، مخالفین سے مذاکرات کرنے پڑے تو کیے جائیں تاکہ ملک کو آگے لے کر جانے کا فیصلہ کر سکیں، جن معاشروں میں آپس کی لڑائیاں الیکشن تک محدود ہوں وہ معاشرے ترقی کرتے ہیں، اگر ہم اتنا طے کر لیں کہ ملک بھر میں ایک دن انتخابات ہوں تو ہم اصل مسائل پر توجہ دے سکیں گے جس سے ملک اور ہم سب کا فائدہ ہوگا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب کا نتیجہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں، دنیا میں جاری معاشی بحران کا اثر بھی پاکستان پر پڑ رہا ہے، ہم چاہتے ہیں تمام توجہ مسائل پر دی جائے تاکہ مشکلات کا سامنا کر سکیں، سازش کرنے والے کوشش کر رہے ہیں کہ پنجاب میں پہلے الیکشن کروائے جائیں، پنجاب میں پہلے الیکشن ہونے کا اثر وفاق اور دیگر صوبوں پر ہمیشہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سازش کامیاب ہوئی تو پھر کو ون یونٹ بنانے کیلئے کسی کی ضرورت نہیں رہے گی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین، ملک، عوام اور صوبے کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی، ہم سازش کرنے والوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لیں، مسئلے کا ایسا حل نکلنا چاہیے جس کا فائدہ پارلیمان اور وفاق کو ہو، لڑائی کی وجہ سے جمہوریت، معیشت اور وفاق کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔