اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر اقتدار میں ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔
عید کے موقع پر عوام کثیر تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں جس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے الرٹ جاری کیا ہے کہ دامن کوہ، فیصل مسجد، راول لیک اور مری جانے والے شہری ٹریفک قوانین پرعمل کریں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز جانے والے سیاح سڑک پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلز کھڑے نہ کریں، مزید برآں ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔