عدت کیس: عون چودھری کو بطور گواہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Published On 19 April,2023 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد کی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے کیس میں عون چودھری کو بطور گواہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں وکیل درخواست گزار راجہ رضوان عباسی سول جج کی عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزارکی جانب سےعون چودھری کا بیان قلمبند کرانے کی درخواست دائر کی گئی جس پر وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ درخواست گزار مزید گواہان کا عدالت میں بیان قلمبند کراناچاہتا ہے، عون چودھری  عمران خان کےنکاح میں بطورگواہ شامل تھے اور وہ آئندہ سماعت پرعدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں ۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عون چودھری کو بطورگواہ کیس میں بیان قلمبند کروانےکی اجازت دی جائے۔

عدالت نے دلائل کے بعد عون چودھری کو بطور گواہ کیس میں شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عون چودھری بطور گواہ کیس میں شامل ہوں گے یا نہیں؟ فیصلہ 27 اپریل کو سنایا جائے گا۔