اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد نواف الصباح اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور السید کو فون کر کے عید کی مبارکباد دی۔
عمانی سلطان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تاریخی تعلقات ہیں، دونوں بحری ہمسایوں کے درمیان ادارہ جاتی اور اقتصادی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف سے اے این پی کے رہنماؤں اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی ملاقات
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور السید نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے مشترکہ مقاصد اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الصباح کو بھی فون کر کے عیدالفطر کی مبارکباد دی، اپنی گفتگو میں وزیر اعظم نے دوطرفہ بردارانہ تعلقات کو اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا، کویتی ہم منصب نے جواب میں پاکستانی عوام کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال دوطرفہ سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔