مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب میں تاخیر کے خلاف ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن خارج کر دی گئی۔
آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پٹیشن کی سماعت کے لیے اپنی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تشکیل دیا، تین رکنی بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس سید شاہد بہار اور جسٹس سردار اعجاز خان شامل تھے۔
آزادکشمیر ہائی کورٹ نے سرسری سماعت کے بعد دائر رٹ خارج کی۔
ہائی کورٹ کے بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق کی تعریف میں نہیں آتے، ہم اسمبلی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ قائد ایوان کے انتخاب میں تاخیر پر وکلاء نے گزشتہ روز ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔