مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس مسلسل تاخیر جاری ہے، نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہو سکا، شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
اپوزیشن لیڈر لطیف اکبر نے اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر اجلاس میں تاخیر کر رہی ہے، نئے قائد ایوان کیلئے حکومت کے پاس اکثریت نہیں، غیر آئینی اقدامات ختم نہ کیے گئے تو ہائیکورٹ میں دائر رٹ میں فریق بنیں گے، اسمبلی کو مذاق بنا دیا گیا ہے، آئین کہتا ہے کہ اسمبلی سیشن میں ہو تو جب تک وزیر اعظم کا الیکشن نہیں ہوجاتا یہ اجلاس جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہونے پر عدالت میں درخواست دائر
لطیف اکبر نے مزید کہا ہے کہ یہ اجلاس کو ایک دن کیلئے ملتوی نہیں کر سکتے، حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے، یہ اس لئے بھاگ رہے ہیں کہ ان کو اپنی شکست نظر آرہی ہے، اگر ان کے پاس نمبر پورے ہوتے تو یہ ایک دن بھی دیر نہ کرتے، پرویز خٹک اور اسد قیصر ناراض ہو کر یہاں سے چلے گئے، شیڈول جاری نہ کر کے صریحاً آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔