وزیر اعظم کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، مفتی عبدالشکور کی وفات پر تعزیت کی

Published On 17 April,2023 08:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف پی ڈی ایم سربراہ سے ملاقات کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کی وفات پر تعزیت کی، وفاقی وزراء بھی ان کے ساتھ تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران مرحوم وفاقی وزیر عبدالشکور کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کابینہ کا ایک اہم رکن تھے، وہ انتہائی سادہ اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور کی اچانک حادثے میں رحلت پر دل غمگین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو حادثہ ہوا، دہشت گردی کا پہلو سامنے نہیں آیا: رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدریاں مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، مفتی عبدالشکور حج کیلئے بہت فکر مند اور پریشان تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی رحلت ہماری جماعت کا نہیں اس ملک کا نقصان ہے، وہ جماعت کے اندر بھی ہمیشہ حق اور سچ کی بات کیا کرتے تھے۔