لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ناجائز منافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سمگلنگ کے تدارک کیلئے کل اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا، جس میں چینی سمیت دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔
وزیراعظم نے سمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور سخت سزا دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سمگلروں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی ترقی کا جو سفر ہم نے شروع کیا اسے گزشتہ حکومت نے روکا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات، نگرانی اور طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو مناسب قیمت پر فراہم کی جائے۔
وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات کر کے چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے علاوہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کے مسئلے پر اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا تھا، وزیر اعظم کے اقدامات سے چینی کی قیمت 92 روپے کلو پر واپس آ گئی تھی۔