اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مردم شماری میں کم گنتی کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر نے ملک بھر میں جاری مردم شماری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اعلیٰ اجلاس کی صدارت بذریعہ ویڈیو لنک مدینہ منورہ سے کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، چیف مردم شماریات ، ڈاکٹر نعیم الظفر، سیکرٹری پلاننگ کمیشن سید ظفر علی شاہ، چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی، سپارکو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات فنڈز کی عدم فراہمی، حکم عدولی کے نتائج سب کو معلوم ہیں: سپریم کورٹ
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ادارہ شماریات کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ، صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے جو بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے تاکہ مردم شماری کے ایک شفاف اور قابل اعتماد فیلڈ آپریشن کو جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے سپارکو کو بھی ہدایت جاری کیں کہ وہ ملک بھر کی کچی آبادیوں کی شناخت کے لیے جیو ٹیگنگ کریں تاکہ انکی بھی بروقت کاؤنٹنگ ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ کیس، عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو طلبی کا تیسرا نوٹس جاری
اجلاس میں چیف ادارہ شماریات نے حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک بھر میں اب تک فیلڈ آپریشن کے حوالے سے پیش رفت تک آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت فیلڈ آپریشن اب تک کامیابی سے جاری ہے۔