اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسحاق ڈار نے معاشی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگز میں ورچوئلی شرکت کی، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف ٹیم کو درپیش معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا۔
آئی ایم ایف کے اجلاس کی سربراہی ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ جہاد ازور نے کی، پاکستان سے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طارق باجوہ، طارق پاشا، امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے شرکت کی، اس دوران آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے دوران پیشگی اقدامات پر عملدر آمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہم ملکی سرگرمیوں کی وجہ سے وزیر اعظم نے پاکستان میں رہنے کو کہا، اہم ملکی سرگرمیوں کی وجہ سے واشنگٹن ڈی سی کا طے شدہ دورہ منسوخ کرنا پڑا، 9 ویں اقتصادی جائزے کے تحت تمام پیشگی اقدامات مکمل ہو چکے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اقدامات پورے کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے گزشتہ دور میں آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایف جہاد ازور نے کہا کہ بورڈ کی منظوری کے بعد سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، امید ہے پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر اپنی پیشرفت جاری رکھے گا، آئی ایم ایف پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مثبت کردار ادا کرے گا، اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 9 ویں اقتصادی جائزہ کو مکمل کرنے میں تعاون پر ڈائریکٹر جہاد ازور کا شکریہ ادا کیا۔