لاہور: ( دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔
ڈی سی لاہور نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے جلسے کی اجازت سے متعلق 2 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، پی ٹی آئی نے پہلے 22 مارچ کو جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی، دوسری درخواست میں جلسہ 26 مارچ کو کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی درخواست پر آج شام متعلقہ حکام سے میٹنگ ہے، میٹنگ کے بعد جلسے کی اجازت کے حوالے سے پی ٹی آئی کو آگاہ کر دیں گے۔
عدالت نے ڈی سی کو آج ہی زیر التواء درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کر کے کل تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل (بدھ) تک ملتوی کر دی۔