اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر سپیکر مشتاق غنی نے گورنر حاجی غلام علی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے گورنر کو خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیا، گورنر حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کے متعدد خطوط کے جواب میں بھی انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اور صوبائی انتخابات اکٹھے ہونے سے قوم ایک ہو جائے گی: گورنر خیبرپختونخوا
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ اپنے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے، گورنر خیبرپختونخوا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی فوری شروع کرے اور گورنر کے تاریخ نہ دینے کی صورت میں صدر مملکت یا مجاز اتھارٹی کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے۔