اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے وینٹی لیٹر کے بغیر عمران خان کی سیاست کی کوئی اوقات نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے چند روز سے ڈرامہ شروع کیا ہوا ہے، 75 سال میں کسی ملزم نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ شخص اپنے حواریوں کو اکساتا ہے کہ اداروں سے مذاحمت کریں، اس شخص کا سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کے وینٹی لیٹر کے بغیر اس کی سیاست کی کوئی اوقات نہیں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان بھول جاتا ہے کہ پلستر سیدھی ٹانگ میں لگانا ہے یا الٹی ٹانگ میں، اگر عدالت حکم دیتی ہے تو عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے، حکومت تحمل سےکام لے رہی ہے، وہ گرفتار ہوں گے، ہمیں کوئی جلدی نہیں، ان کی زندگی کے لوازمات جیل میں بھی مل جائیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی اوقات سامنے آرہی ہے، ثاقب نثار نے بھی کہہ دیا کہ ہم نے 100 فیصد صادق و امین نہیں کہا۔