اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی جانب سے سٹالڈ ونڈ انرجی پراجیکٹس پر تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔
کمیٹی کا مقصد گزشتہ دور حکومت سے نامکمل اور روکے گئے منصوبوں کی جلد تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا تعین اور ان کو دور کرنے کی سفارشات دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مال روڈ پر 1500 کنال کا گالف کلب 4 ہزار میں دینا غریبوں کیساتھ مذاق ہے: خواجہ آصف
وزارت انسانی حقوق کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ کی جانب سے تجویز دی گئی کہ جو کمپنیاں طے کردہ معیار پر پوری اترتی ہیں ان کو جلد از جلد منصوبوں کی تکمیل کی اجازت ملنی اور مسابقتی بولی کے طریقہ کار میں بہتر ی لائی جانی چاہئے۔
اجلاس میں تمام صوبوں کو پیشگی اطلاع کے بعد آئندہ اجلاس میں شامل کیے جانے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ سیر حاصل بحث کے بعد جامع سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جا سکیں۔
کمیٹی کا دوسرا اجلاس 9 مارچ کو طلب کیا گیا ہے، کمیٹی کی تشکیل وزیر انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ کی سفارش پر کی گئی ہے۔