اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کی سہولت کاری کیلئے نواز شریف کو نااہل کرایا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ سیاست کرنا سیاست دانوں کا کام ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار تحریک انصاف کی ترجمانی کر رہے ہیں، آج وہ ترجمان اور ماضی میں سہولت کار تھے، عمران خان اپنے خلاف مقدمات ختم کرانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں، ثاقب نثار اور فیض حمید کا ایک گٹھ جوڑ تھا۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ماضی میں ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ثاقب نثار کی کوشش تھی الیکشن سے پہلے اورنج لائن ٹرین مکمل نہ ہو، انہوں نے اپنے بھائی کے ہسپتال کو پروموٹ کرنے کیلئے پی کے ایل آئی کو بھی برباد کر دیا، ثاقب نثار کے سارے ازخود نوٹس پنجاب میں لیے جاتے تھے، وہ بتائیں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کتنے سوموٹو نوٹس لیے؟۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ شیخ رشید کی انتخابی مہم بھی آپ نے چلائی، ثاقب نثار نے ڈیم کی فنڈ ریزنگ کی تھی وہ پیسہ کدھر گیا؟، سستی شہرت کیلئے ڈیم مہم چلائی، بہت ہو گیا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ثاقب نثار سہولت کاری کر رہے ہیں، وہ سیاست کے کھیل میں مت پڑیں، ثاقب نثار ججز کو فون کر کے آج بھی عمران خان کیلئے سہولت کاری کر رہے ہیں۔