پنجاب، خیبر پی کے انتخابات کا معاملہ: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں اختلافات

Published On 25 February,2023 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کا معاملہ، سپریم کورٹ از خود نوٹس میں کون پیش ہوگا؟ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے ازخود نوٹس کیس میں احسن بھون کو وکیل نامزد کر دیا جبکہ صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے سیکرٹری بار مقتدر اختر شبیر کو وکیل نامزد کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پنجاب خیبر پختونخوا انتخابات ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ بار کو نوٹس جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے قرار داد کے ذریعے احسن بھون کو وکیل نامزد کیا، 17 رکنی ایگزیکٹو باڈی میں سے 9 ارکان نے احسن بھون کے حق میں قرار داد پاس کی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر ازخود نوٹس لیا ہے۔