پشاور: (دنیا نیوز) اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان اور صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا اعلان کرنے والا خود ضمانت لے کر لاہور میں چھپا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے رد عمل میں گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ تحریک نہیں بلکہ 2014ء کے ڈرامہ نما دھرنے کی طرح ایک فلاپ ڈرامہ ہے، نام نہاد انقلابی رہنما قیدیوں کی گاڑی دیکھ کر ساتھ سیلفیاں بنا کر رفو چکر ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جیل بھرو تحریک اپنی موت آپ مر جائے گی: ایمل ولی خان
انہوں نے کہا کہ لیڈرز وہ ہوتے ہیں جو ہر عمل خود سے شروع کرتے ہیں، یہاں اعلان کرنے والا خود چھپا ہوا ہے، ایک جانب تحریک چلائی جا رہی ہے تو دوسری جانب عدالتوں سے ضمانتیں لی جا رہی ہیں۔
اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ پشاور میں جیل بھرو تحریک سینٹرل جیل کے سامنے وفات پا گئی، اناللہ و انا الیہ راجعون۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات، اے این پی کے مزید 4 امیدواروں کی منظوری
ثمرہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو کامیاب فوٹو شوٹ اور ڈرامہ آڈیشن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، صوبہ بھر سے کسی لیڈر یا کارکن نے گرفتاری نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ان کا انتظار کرتی رہی، کوئی بڑی گاڑی، کوئی رکشہ تو کوئی موٹرسائیکل پر بھاگنے میں کامیاب رہا۔