اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس کے دوران قائد اعظم کے حوالے سے نامناسب الفاظ کے استعمال پر اے این پی کے سینیٹر ہدایت اللہ خان اور آصف کرمانی میں تلخ کلامی ہو گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے اجلاس میں تقریر کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سے ناراض ہے، دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، میری پہلی، دوسری اور تیسری وفاداری پاکستان سے ہے، ہمارے بڑوں نے پاکستان بنانے میں قائد اعظم کا ساتھ دیا۔
آصف کرمانی کے تقریر کے دوران سینیٹر ہدایت اللہ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ساری نحوست اس آدمی کی پھیلائی ہوئی ہے، آپ خیبرپختونخوا کی بات کیوں نہیں کر رہے، جواب میں آصف کرمانی نے کہا ہم قائد اعظم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، ہم احتجاج کرتے ہیں۔
اس کے بعد ڈاکٹر زرقہ تیمور نے بھی سینیٹر ہدایت اللہ کی مخالفت کرتے ہوئے ان سے اپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا،اس دوران چیئرمین سینیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا انہوں نے اپنے الفاظ واپس لے لئے ہیں۔
اپنی تقریر میں سینیٹر ہدایت اللہ نے قائد اعظم سے متعلق ریمارکس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے الفاظ بانی پاکستان کیلئے نہیں بلکہ چئیرمین سینٹ کیلئے تھے، میں نے چئیرمین سینٹ کی طرف اشارہ کرکے الفاظ ادا کیے، قائداعظم نے ملک بنایا ان کا احترام دل میں ہے۔