نوشہرہ: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینا غیر آئینی اقدام ہے، ملک میں ایک مرتبہ پھر دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک اپنی موت آپ مر جائے گی، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہ کرنے والے آج بھی لاڈلے ہیں، عدالتوں کے دوہرے معیار سے انصاف فراہم کرنے والوں پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا پی ڈی ایم حکومت کا اے این پی حصہ نہیں، ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لانے کا فیصلہ بحرانی سیاسی فضا کو ختم کرنے کی کوشش ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے سے سیاسی بحران ختم کیا جا سکتا ہے، پختون متحد ہو کر اپنے حقوق کی آواز بن سکتے ہیں، محرومیوں کے خاتمہ کیلئے اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی این اے 25 کے سابق امیدوار اور صوبائی رہنما خان پرویز خان نے اپنے ساتھوں کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔