پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کا اجلاس، جیل بھرو تحریک کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

Published On 21 February,2023 05:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی گورننگ باڈی کا اجلاس پارٹی دفتر جیل روڈ میں ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کی، اجلاس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ امتیاز محمود نے شرکاء کو جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، تحریک کے آغاز کے موقع پر گرفتاریاں دینے والے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے اعزاز میں پارٹی دفتر میں تقریب منعقد ہوگی، ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پہنچیں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاری سے جیلیں کم پڑ گئیں، تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پرامن تحریک ہے، ہم نے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا ہے جو ہمارا بنیادی حق ہے، پرامن احتجاج کا حق کوئی بھی نہیں چھین سکتا، گرفتاریوں، جھوٹے مقدمات اور جیلوں سے حکمران ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لاہور نے جیل بھرو تحریک بارے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی

اجلاس میں عندلیب عباس، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، شیخ امتیاز محمود، زبیر نیازی، شنیلا علی، آمنہ جنجوعہ، ڈاکٹر نوشین حامد معراج، شنیلا روت، رخسانہ نوید، سعدیہ سہیل رانا، راجہ شکیل زبان، مہر واجد عظیم، احمد طلحہ، سعدیہ ایوب، میاں اویس انجم، رانا مدثر ایڈووکیٹ، شوکت بھٹی، خالد گجر اور نیلم حیات نے شرکت کی۔