توشہ خانہ کیس، سابق وزیر اعظم عمران خان کو نیب نے طلب کر لیا

Published On 21 February,2023 04:13 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نیب نے طلب کر لیا۔

نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 9 مارچ کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا، قومی احتساب بیورو نے 8 نومبر 2022 کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کی تھیں جس کے بعد کابینہ ڈویژن اور سرکاری توشہ خان سے عمران خان کے تحائف کا ریکارڈ حاصل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک ملتوی

ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن، سرکاری توشہ خانہ کے افسران کا ابتدائی بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے، ڈی جی نیب راولپنڈی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں، واضح رہے سابق وزیر اعظم عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف لیتے ہوئے اشیاء کے کم ریٹ لگانے کا الزام ہے۔

توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فواد چودھری اور شاہ محمود قریشی کو بھی نیب نے طلب کیا ہے، اس کے علاوہ نیب نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے ٹیم دبئی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے تحقیقات کرنے والی نیب کی ٹیم جلد متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔