دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے فوری آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، فیصل کریم کنڈی

Published On 21 February,2023 05:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے صوبہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے پاک کر کے دیا تھا، نا اہل ٹولے نے یہاں تک پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: مال روڈ پر 1500 کنال کا گالف کلب 4 ہزار میں دینا غریبوں کیساتھ مذاق ہے: خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پشاور میں واقعہ پر بروقت پہنچے، وزیر اعلی سندھ بھی پولیس لائن پہنچے، میں فی الفور مطالبہ کرتا ہوں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہمیں پولیس لائنز جیسے اور واقعات نہ دیکھنا پڑیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہمیں غور کرنا چاہئے کہ ہم افغان پالیسی میں کیوں کامیاب نہیں ہو رہے، ہمیں نئی افغان پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، 25 لاکھ لوگوں نے سوات میں نقل مکانی کی، اتنے کم وقت میں اتنی بڑی تعداد کی مثال نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے، نجات میں چند سال لگیں گے: مریم نواز

انہوں نے کہا کہ بہتری کے لیے ضروری ہے اپنی خامیاں ڈھونڈیں، آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا 1 ارب روپے اغوا برائے تاوان کی مد میں لئے گئے، کل ایک تماشا دیکھا، لوگ نکالے گئے ایک پیشی کے لئے، کہا جا رہا ہے مجھے پروٹوکول دیا جائے، ان کو کوئی یاد کرائے اب آپ وزیر اعظم نہیں، سابق وزیراعظم ہیں۔

فیصل کریم کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے، ابھی تو بہت سفر رہتا ہے پی ٹی آئی بھائیوں کے لئے، جاگتے رہیں رات کسی بھی وقت عمران خان کے یو ٹرن کا چاند نظر آئے گا، جیل بھرو تحریک کے لئے لوگ نہیں مل رہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی پہلی جیل بھرو تحریک کا لیڈر اس کا آغاز حفاظتی ضمانت سے کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ ہر خط لکھنے پر اگر صدر ایکشن لینے لگ جائے تو وہ صدر نہیں ٹائیگر فورس کا کارکن رہ جاتا ہے، جن لوگوں نے استعفے دیئے، واویلا کیا وہ بعد میں رونا شروع ہو گئے کہ استعفے منظور کیوں کیے، ان کو اپنی حقیقت پتا ہے، اس لیے عوامی میدان سے بھاگ رہے ہیں۔