عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، جیل بھرو تحریک کی تیاری پر بریفنگ دی گئی

Published On 19 February,2023 06:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سٹیک ہولڈر کا ویڈیو لنک پر اہم اجلاس ہوا جس میں اعجاز چودھری نے شرکاء کو جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، عمران خان نے لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کو جیل بھرو تحریک کیلئے بھرپور تیاری کرنے، ڈور ٹو ڈور کمپین پر فوکس کرنے اور الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کے حوالے سے ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں لاہور بھر میں ڈور ٹو ڈور کمپین کو سراہا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی طرف سے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں دھکیلنے پر ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کریں گے، حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، آئین شکنی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کرے گی، عمران خان

اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف بھرپور تیاری کے ساتھ کی جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے، تحریک انصاف غریب عوام کو مہنگائی کے سمندر سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کا جیل بھرو تحریک میں اہم کردار ہے۔

چئیرمین عمران خان کے کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، اجلاس میں شفقت محمود، شیخ امتیاز محمود، غلام محی الدین دیوان، میاں محمود الرشید، علی امتیاز وڑائچ، مراد راس، جمشید اقبال چیمہ، میاں محمد اکرم عثمان، رخسانہ نوید، ندیم بارا، روبینہ شاہین، ملک ظہیر عباس کھوکھر، نوشین حامد معراج سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔