لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ میں آپ کی بہن ہوں، آپ کی رہنمائی میں پارٹی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، پارٹی میری اکیلی کی نہیں، نوازشریف کی سربراہی میں سب مل کر پارٹی کیلئے کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی سے غریب متاثر ہوتا ہے لیکن یہ حکومت میری نہیں، مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ آپ جیسے لیڈر پارٹی کا فخر ہیں اور آپ کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے اپنا سب کچھ مسلم لیگ (ن) کیلئے وقف کر رکھا ہے، نوازشریف میرے لیڈر ہیں، شہباز شریف کی رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ رہی، نواز شریف سے محبت ہے اس لئے ن لیگ میں ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آخری دم تک (ن) لیگ میں ہی رہوں گا، مسلم لیگ (ن) سے کوئی دوری نہیں بڑھی، نواز شریف اور پارٹی سے آج بھی رابطہ قائم ہے اور کل بھی قائم رہے گا۔