مریم نواز سے معاون خصوصی وزیر اعظم شیزہ فاطمہ اور ن لیگی وفود کی ملاقاتیں

Published On 15 February,2023 10:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ اور مسلم لیگ ن کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔

شیزہ فاطمہ خواجہ نے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کو نوجوانوں کےحوالے سے لیے گئے تمام اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ یوتھ لون سکیم میں اب تک 70 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

دریں اثنا مریم نواز سے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے جعفر خان مندوخیل کو پارٹی میں نئی ذمہ داری پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آرگنائزر نے کہا کہ جعفر خان مندوخیل بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں مریم نواز سے میانوالی سےتعلق رکھنے والےمسلم لیگ (ن) کےاہم رہنماﺅں نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم سازی سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو عوامی سطح پر روابط کو مضبوط کرنے اور نوجوان کارکنان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔