کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے کہا تھا ہم سے چھینی گئی سیٹیں ہضم نہیں ہو پائیں گی۔
کراچی میں ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ہمیں کراچی کی سیٹیں واپس ملنے جا رہی ہیں، ایم کیو ایم کے کارکنان نے الیکشن لڑ کر اپنی طاقت بحال کرنی ہے یہ 14 سیٹیں کراچی والوں کا حق ہیں، فیصلہ ہو گیا ہے یہ قوم الیکشن لڑ رہی ہے، اس بار مردم شماری 5 سال قبل ہو رہی ہے، اب وقت ہاتھ سے جانے نہیں دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ایک ایک فرد کو گنوانا ہے، ہمیں اپنے محلے، پڑوس، رشتہ دار، احباب سب کی گنتی پوری کروانی ہے، ہم نے ریاست کو کہا تھا، آپ نے ہمیں گنا نہیں تو تولنا پڑ جائے گا، آج بانیان پاکستان کی اولادوں، مہاجروں کے نمائندوں اور حق پرستوں کی امیدوں کیلئے ایک فیصلہ کن وقت ہے یہ فیصلہ ایم کیو ایم کے کارکنان اور میری ماؤں، بہنوں نے کرنا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان نازک موڑ پر ہے اور کوئی فیصلہ کرنے والا نہیں، کمزور معیشت اس ملک کی سیاست اور جمہوریت کو بھی لے کر ڈوب جائے گی، دوستو، ساتھیو وہ وقت آگیا ہے جس کیلئے اتنے سال انتظار کیا، کروڑوں مہاجر آج کی رات آپ کی جانب سے کئے جانے والے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا آج پاکستان کے محسن، اس شہر کے بیٹے جس نے اس شہر پر دست شفقت رکھا وہ نہیں رہا، شہر کے اس بیٹے نے اس شہر کو مضبوط بنیادی جمہوریت لوکل گورنمنٹ کا نظام دیا، آج پاکستان کو مشرف دور کی بنیادی جمہوریت اور معیشت چاہئے، ہم سب ان کیلئے دعا گو ہیں۔