خیبر پختونخوا اسمبلی کو آج تحلیل کر دیا جائے گا: وزیراعلیٰ محمود خان

Published On 14 January,2023 03:40 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آج کے پی اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کے لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور وفاقی حکومت نے ہمارے فنڈز روک رکھے ہیں، فاٹا ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے وفاقی حکومت کی جانب سے نہیں بھجوائے جا رہے، پتہ نہیں کون وفاقی حکومت کو مشورے دے رہا ہے، ہم اپنے فنڈز میں سے سابق فاٹا کے ملازمین کو تنخواہیں دے رہے ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ جو حالات اس حکومت نے پیدا کر دیئے ہیں عالمی سطح پر ان پر کوئی یقین کرنے کو تیار ہی نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا تو کٹھ پتلی ہیں، آج کے پی اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا، اسمبلی توڑنے کی سمری جب گورنر کو بھیجوں گا تو سب صحافیوں کو بھی بھیجوں گا، ہم دوبارہ زیرو سے شروع کریں گے۔