فیصلہ ہو چکا، چاہتے ہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں آج ہی تحلیل ہو جائیں: فواد

Published On 12 January,2023 03:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کرنے پر فیصلہ ہو چکا ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں آج ہی تحلیل ہو جائیں۔

میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے لیے کوئی سرپرائز نہیں تھا، ہمیں پتا تھا کہ ہمارے بندے پورے ہیں، جو چنوں منوں آئے ہوئے تھے ان کو سرپرائز ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جوتے چھوڑ کر بھاگنا چاہ رہے ہیں، یہ عوام کے پاس جانے کے لئے تیار نہیں ہیں، ہم اس لیے ہر جگہ جیت رہے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ہم یہ لڑائی عوام کی حمایت سے لڑ رہے ہیں، ہم نے رانا ثناءاللہ اور عطاء اللہ تارڑ کو سکون آور ادویات دے کر بھیجا ہے، ان دو چمچوں اور آصف زرداری کو نیند نہیں آ رہی ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کریں گے، لیکن اب اسمبلی تحلیل ہو جانی ہے، اس کا فائدہ نہیں ہے، یہ بے شرم لوگ ہیں، ان کو عوام سے جوتے پڑیں گے، حساب برابر ہو جائے گا۔