لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ممبران اسمبلی کو فنڈز نہیں دیں گے، اب سارا پیسہ گجرات، وزیر آباد پر خرچ ہو رہا ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ گورنرہاؤس میں رہا لیکن کوئی گروپ نہیں رہا، حکومتوں کو گرانا، توڑ پھوڑ کرنا میری نیچر نہیں، سیاست میں چیزیں تبدیل ہوتے دیر نہیں لگتی، ایک وقت تھا (ن) لیگ الیکشن جیت رہی تھی، عدم اعتماد کے بعد 70 فیصد ضمنی الیکشن کی سیٹیں عمران خان نے جیتیں۔
سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ایک چیز منفی ہے، ایک حلقے میں 4 سے 5 امیدوار سامنے آ جاتے ہیں، ٹکٹ ایک امیدوار کو ملنا ہوتا ہے باقی پھر مخالفت شروع کر دیتے ہیں، لاہور میں گورنرہاؤس کو گرانے کے حق میں نہیں تھا۔
چودھری سرور نے کہا کہ ملک میں بہت ساری باتیں پھیلا دی جاتی ہیں، یقین سے کہتا ہوں کسی ایم پی اے کو نہیں مل رہا تاکہ کل کوئی عدم اعتماد کے مسئلے پر مجھ پر آواز نہ اٹھائے، میری ابھی تک جہانگیر ترین سے کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، عبدالعلیم خان نے کہا آپ جو کریں گے ہم ساتھ دیں گے، نواز شریف سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سےعوام کے برے حالات ہیں، اب ملک میں سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے، مشکل فیصلے کر کے ملک کو بحران سے نکالنا ہو گا۔