سوات: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر ملکی معیشت کو مستحکم بنا سکتے ہیں، گزشتہ سال 66 ارب روپے کا ریونیو سیاحت کے شعبے سے آیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹورازم پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی، وزیر اعلیٰ کو ٹورازم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، تقریب میں 173 جوانوں پر مشتمل ٹورازم پولیس کا پہلا بیچ پاس آؤٹ ہوا، محمود خان نے ٹریننگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔
وزیر اعلیٰ نے ٹورازم پولیس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بذات خود سیاحت سے متعلق معاملات کی نگرانی کرتے ہیں، ٹورازم کے شعبے کا بجٹ بڑھایا اور سیاحتی مقامات کی ترقی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر ہی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے، گزشتہ سال 66 ارب روپے کا ریونیو سیاحت کے شعبے سے آیا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹوارزم پولیس روایتی پولیس سے مختلف ہوگی، اس کا کام سیاحوں اور سیاحتی مقامات کی حفاظت ہے، سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہی صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کر سکتے ہیں۔