کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کے الزام پر قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فواد چودھری پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت ڈوبنے کا الزام دوسروں کے بجائے خان صاحب پر لگائیں، عمران نیازی کے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی بغاوت سے کسی اور کا کیا تعلق ہے؟
ناصر شاہ نے کہا کہ فواد جیسے سیاسی پیادے بوکھلاہٹ میں سارا دن جھوٹ، بدزبانی اور بیہودہ گفتگو کرتے ہیں، فواد چودھری کہہ رہے ہیں وہ میرے اور شرجیل میمن کے خلاف ایف آئی آر داخل کرا رہے ہیں، فواد بتائیں وہ کس تھانے میں ایف آئی آر کروا رہے ہیں تا کہ میں وہاں خود پیش ہو جاؤں۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کرنے کے الزام پر فواد چودھری کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فواد چودھری کو جلد قانونی نوٹس دیں گے کہ وہ میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔