اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب نے مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے الزامات پر آئی جی اسلام آباد کو دو بار طلب کیا لیکن پیش نہ ہوئے، اکبر ناصر خان پر ٹھیکہ دینے کےلئے ڈاکومنٹ کو ٹمپرنگ کرنے کا الزام ہے، جس سے ساڑھے تین کروڑ روپے کا سرکار کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، وہ جیسے ہی پنجاب میں داخل ہونگے فوری گرفتار کرلیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن رولز 2014 انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، دوران انکوائری نمبر 65 / 22 کو تکنیکی بنیادوں پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی، مقدمے کے مطابق سرکاری خزانے کو 3 کروڑ پچاس لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے و باہم ساز باز ہوکر ملزمان کو جعلی فرضی و بوگس کاغذات برائے کنٹریکٹ معاہدہ بنائے جانے کی شہادت میسر آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر دستاویزات اور ٹیکنیکل ایکسپرٹ رپورٹ کے مطابق اکبر ناصر خان، عامر ریاض، ابرار عالمگیر، سید مراد علی، اسد علی، رضوان اقبال کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔