لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی قانون منظور ہونے کے بعد گجرات ڈویژن کو باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا۔
پنجاب میں 9 کے بجائے 10 ڈویژنز فعال کر دی گئیں، حکومت پنجاب نے مقامی حکومتوں کے ایڈمنسٹریٹرز کا دوبارہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
گجرات ڈویژن کے کمشنر سربراہ مقرر کر دیئے گئے، گجرات کو ڈویژن کا درجہ ملنے کے بعد کمشنر گجرات میونسپل کارپوریشن گجرات کے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہو گئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے انتخاب تک متعلقہ مقامی حکومتوں کے فرائض سر انجام دیں گے۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں نیا بلدیاتی قانون باقاعدہ لاگو کر دیا گیا جس کے نفاذ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں بلدیاتی اداروں کے نئے ایڈمنسٹریٹرز بھی تعینات کر دیئے گئے، مری اَپ گریڈ ہوکر دوبارہ میونسپل کارپوریشن بن گئی۔
پنجاب بھر کی 25 ضلع کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹرز ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیئے گئے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کمشنر ثاقب منان مقرر کر دیے گئے جبکہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر ایڈیشنل کمشنر ریونیو مقرر کر دیے گئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن مری کے ایڈمنسٹریٹر ایڈیشنل کمشنر ریونیو ہوں گے جبکہ میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ کمشنرز مقرر کئے گئے ہیں، پنجاب بھر کی تمام 6 ہزار یونین کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل بلدیات مقرر کر دئیے گئے۔