مردان: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ عمران خان کو کوئی حکومت نہیں ملے گی، سابق وزیراعظم کے خلاف امریکا نے نہیں بلکہ مولانا فضل الرحمان نے سازش کی۔
مردان میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاعمران خان اپنی سونامی میں خود ڈوب گیا، ہم نے ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کے لئے عمران خان کو اقتدارسے ہٹایا، پی ٹی آئی چیئرمین کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ اس ملک میں عدم استحکام ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 حلقوں پر الیکشن میں حصہ لینا سیاست اور اس ملک سے مذاق ہے، صدرعارف علوی نے بھی تصدیق کی کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، عمران خان نے ایک عام کاغذ کےٹکڑے کو سائفر کا نام دیکرعوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی، خیبرپختونخوا کو تحریک انصاف نے دیوالیہ کر دیا، خیبر پختونخوا حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے نہیں، اپنی مذہب اور تہذیب کو ہر صورت بچائیں گے، جے یو آئی اور پی ڈی ایم ہی اس ملک کو بچا سکتی ہے۔