اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ایبسلوٹلی فراڈ، عدالت نہیں اب ان کے جیل جانے کا وقت ہے، بیرونی سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا، صدر مملکت نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین کو جھوٹا قرار دیا، آئین توڑنے والا دوسروں سے حلف لے رہا ہے، پہلے آپ آڈیو لیکس کو جائز کہتے رہے اب کس منہ سے عدالت جانے کی بات کر رہے ہیں؟
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران نیازی صبح دوپہر شام جھوٹ بولتا ہے، اس کا کام صرف جھوٹ بولنا، جھوٹ بولنے کا سبق سکھانا اور اس کی تلقین کرنا ہے، عمران نیازی کی شخصیت صرف جھوٹ پر مبنی ہے، عمران نیازی سے سوال پوچھا جائے تو یہ دوسروں سے سوال پوچھنا شروع ہو جاتے ہیں، ان سے ممنوعہ فنڈنگ کا سوال کیا جائے تو کہتے ہیں کہ دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف آیا ہے، عمران خان دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ اور اکائونٹیبلٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں کوئی ثبوت اور شواہد پیش نہیں کر سکے، ان کی کوشش صرف ایک بیانیہ بنانا ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی سے ان کی چوری پر پوچھا جائے تو یہ دوسروں پر چوری کا الزام لگا دیتے ہیں، عمران خان کی صورتحال اس وقت یہ ہے کہ ”یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا“۔ عمران خان چار سال تک ملک کے وزیراعظم رہے، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے، اس وقت کے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف من گھڑت مقدمات دائر کرنے پر مجبور کیا، طیبہ گل کو وزیراعظم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا اور نیب ڈی جی کو بلیک میل کیا، احتساب کی پوری مشینری اور ریاستی طاقت کا بے جا استعمال کیا اور آج کہتے ہیں کہ مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز کہاں رہتے ہیں، اگر عمران نیازی کے پاس شریف فیملی کے خلاف شواہد تھے تو کیوں پیش نہیں کئے، ایون فیلڈ میں نیب کیوں ثبوت پیش نہیں کر سکا۔