اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست عدالت نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔
مسلم لیگ ن لائرز ونگ کی لیگل ٹیم نے سینئر سول جج کی عدالت میں رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فوجداری سیکشن 76 کے تحت عدالت تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن ٹیم نے غلط بیانی سے حاصل کیے۔رانا ثنا اللہ وفاقی وزیر داخلہ اور اسلام آباد میں ہیں، کہیں روپوش نہیں، لہٰذا وارنٹ گرفتاری آرڈر واپس لے کر تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم دیا جائے۔
سینئر سول جج نے مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم رانا ثنا اللہ کا وکالت نامہ پیش کیا جائے۔
بعد ازاں لیگل ٹیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا وکالت نامہ حاصل کیا جائے گا۔