رانا ثناء اللہ کا اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ

Published On 10 October,2022 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جعلسازی کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر داخلہ کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنے سیاسی آقاؤں اور عمرانی فتنے کا آلہ کا بن کر ایک چار سالہ پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کی، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے حقائق جان بوجھ کر چھپاکر عدالت سے دھوکہ دہی اور گمراہ کرکے وارنٹ حاصل کئے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کیساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کررہی جو قانونی تقاضا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ حرکت وفاقی حکومت پرمہم جوئی کی مذموم سازش ہے تاکہ عمرانی فتنے کیلئے کچھ ریلیف حاصل کیا جا سکے، ریکارڈ میں جعلسازی کرنے اور عدالت کو گمراہ کرنے کے جرم میں ذمہ داران افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، مقدمے میں جعلسازی اور دھوکا دہی کے تمام ابتدائی ثبوت حال کرلئے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق دھوکا دہی، جعلسازی اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے پر معزز عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، وفاقی وزیر داخلہ عدالت کا ہرصورت احترام کرتے ہیں اور انکے ہر فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے، عمرانی فتنے کے وفاق پر حملوں کے تمام سازشی ہتھکنڈوں کو ریاستی طاقت سے ناکام بنایا جائیگا، قانون شکن، عمرانی فتنے کو نشان عبرت بنانے کیلئے کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائیگی، عمرانی فتنے اور اسکے سہولت کاروں سے کسی بھی قسم کی کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔