فراڈ اور دھوکا دہی کا مقدمہ، رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری

Published On 08 October,2022 02:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فراڈ اور دھوکا دہی کے مقدمے میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔

وارنٹ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی کیجانب سے جاری کئے گئے، ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری آج ہی جاری کئے گئے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے ہیں، بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے جاری کئے، رانا ثناء اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اُدھر وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری کیلئے آنے والی اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کو واپس بھیج دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم پولیس کی مدد لینے تھانہ کوہسار پہنچی اور وزیر داخلہ کے وارنٹ سے آگاہ کیا جس پر پولیس حکام نے مؤقف اپنایا کہ رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم میں 4 افسران شامل تھے جنہیں وفاقی پولیس نے واپس بھیج دیا۔

پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر ایڈریس فیصل آباد کا ہے اور وہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔