عمران خان کی نااہلی اور گرفتاری سے حکمرانوں کو کچھ نہیں ملے گا: شیخ رشید

Published On 02 October,2022 01:09 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے متنبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ سائفر کی تحقیق نہیں کرے گا تو حالات گھمبیر ہوسکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ عمران خان کی نااہلی اور گرفتاری سے حکمرانوں کو کچھ نہیں ملے گا، کم عقل حکمران ہر قدم اپنے خلاف اٹھاتے ہیں، دو ہفتوں سے بلاول بھٹو امریکا میں مزے کر رہا ہے اُسے سندھ کے سیلاب زدگان کی کوئی فکر نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اب اعلیٰ عدالتوں سے منسلک ہے، 4 اکتوبر کو نیب ترامیم کیس کی سماعت بھی اہم ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر فیصلہ چوک اور چوارہے میں ہونا ہے تو جھاڑو پھر جائے گا۔

شیخ رشید نے واضح کیا کہ عوام کے مسائل سے ڈیل کی ضرورت ہے چوروں سے نہیں، اکتوبر اہم ہے، 15 نومبر تک اہم سیاسی فیصلے ہوجائیں گے۔