لاہور: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے چھٹی مکمل ہونے کے باوجود کام کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی تعیناتی کا معاملہ لٹک گیا، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے 6 اگست کو خدمات وفاق کو پیش کرنے کاخط لکھا اور پھر 14 روز کی رخصت پر چلے گئے۔
14 دن مکمل ہوئے تو کامران علی افضل نے مزید 7 دن چھٹی مانگ لی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مزید سات روز کی رخصت منظور کرتے ہوئے عبداللہ سنبل کو قائم مقام چیف سیکرٹری کے طورپر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ وفاق نے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لیے پنجاب حکومت کی درخواست کو التوا میں رکھا ہوا ہے۔