لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، جس میں امریکی سفیر کی طرف سے یقین دہانی کروائی گئی کہ پنجاب حکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے اقدام کو سپورٹ کرینگے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ایوان وزیراعلی میں ملاقات ہوئی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکہ پنجاب حکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے اقدام کو سپورٹ کرے گا زراعت، متبادل توانائی،بہبود آبادی اورواٹرمینجمنٹ کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبوداور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے امریکی معاونت منشیات سے پاک پنجاب کے مشن میں ممدومعاون ثابت ہوگی،انسداد منشیات کیلئے خصوصی فورس بنے گی اورمنشیات کی خریدو فروخت کی اطلاع دینے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔ منشیات کی خریدو فروخت میں ملوث ملزمان کے ٹرائل کے لئے خصوصی کورٹس بنیں گی اورروزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے پنجاب حکومت سے امریکا کے تعاون کا خیرمقدم کرتی ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، ہماری حکومت تعلیم، صحت، بہبود آبادی، زراعت، متبادل توانائی اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لارہی ہےاس ضمن میں امریکہ کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔