پنجاب حکومت اور یو اے ای میں مبارک سینٹر کے پراجیکٹ پر مل کر کام کرنے پر اتفاق

Published On 29 September,2022 12:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی، ملاقات میں فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر کے پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، سفیر نے وزیراعلی کو دورہ متحدہ عرب امارات کے دورے کی بھی دعوت دی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور مدد پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اورسفیر کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان بھجوانے پر مشکور ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں، سیلاب زدگان کی بحالی و آبادکاری کے کام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔

ملاقات میں فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹرکے پراجیکٹ پرجلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ڈھابی گروپ کی جانب سے سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹرکے منصوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔