لاہور: (دنیا نیوز)پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاق میں بیٹھے نااہل حکمرانوں کی احمقانہ معاشی پالیسیوں نے قومی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپٹ ٹولہ پارلیمنٹ اور ملکی فیصلوں میں لندن میں بیٹھے سزا یافتہ مجرم سے احکامات لے رہا ہے، نون لیگ کی نحوست ہر شعبے پراثر انداز ہورہی ہے، حکمرانوں کی نالائقی نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن زدہ وزیر اعظم نے اپنے خاندان کے لئے منی لانڈرنگ کرنے والے کو قومی خزانے کا محافظ بنا دیا، پنجاب میں عوام کو صحت کارڈ سے علاج کی مفت سہولت سے امپورٹڈ حکومت کو تکلیف ہو رہی ہے، چچا اور بھتیجی وزیر اعظم آفس میں بیٹھ کر عوام کے فلاحی منصوبوں کے خلاف سازش کررہے ہیں۔
سینئرصوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اقتدار میں آنے والا ٹولہ عوام کی خدمت نہیں کر سکتا، زرداری اور شریف خاندان امیر اور ملک غریب ہوا، پاکستان تحریک انصاف ملک کے غریب عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے والوں کا پیچھا کرتی رہے گی۔