25 مئی کو ظلم کی انتہا کرنیوالے جلد گرفت میں آئینگے: عمر سرفراز چیمہ

Published On 28 September,2022 11:41 am

لاہور: (دنیا نیوز)مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ 25 مئی کو فاشزم کی انتہا کرنے والے کردار جلد گرفت میں آئیں گے، پنجاب حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی ,سب امور قانون اور انصاف کے دائرے میں رہ کر انجام دیئے جا رہے ہیں۔

اپنے بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر 25 مئی کے آزادی مارچ کے دوران ن لیگ کے ظلم وبربریت پر ٹربیونل قائم کردیا گیا ہے، آزادی مارچ کے دوران غنڈہ لیگ نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کھلی دہشت گردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا تھا۔

مشیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آڈیو لیکس سے رجیم چینج آپریشن کے سب کردار نتر کر سامنے آرہے ہیں، جیسے جیسے آڈیو لیکس آرہی ہیں کرپٹ ٹولہ ذہنی بیماری اور غلاظت سے ایکسپوژڈ ہوتا جا رہا ہے، قوم پہلے بھی رجیم چینج آپریشن کے اغراض و مقاصد جانتی تھی آڈیو لیکس نے اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے، کوئی محب وطن عوام کا درد رکھنے والا اتنا کیسے گر سکتا ہے، قوم سوال کررہی ہے شریف، زرداری خاندان 35 سالوں سے قوم کو ماموں بنا کر اقتدار پر قابض رہا ہے۔

عمرسرفراز چیمہ نے اسحاق ڈار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک اشتہاری منی لانڈرنگ کے بے تاج بادشاہ اسحاق ڈار کو واپس لا کر سیدھا ملکی خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے، ایک بلے سے دودھ کی رکھوالی ممکن نہیں، اسحاق ڈار ارسطو کی نااہلیوں نالائقیوں کی سزا عوام پہلے ہی بھگت رہی ہے۔