لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو اپنے ممکنہ لانگ مارچ سے قبل ہی سندھ سے بڑی کامیابی ملنا شروع ہو گئی، سندھ سے بڑی سیاسی شخصیات نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سے سیاسی شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں مخدوم فضل ممبر کور کمیٹی (جی ڈی اے)، مخدوم محسن ممبر کور کمیٹی (جی ڈی اے)، مخدوم عمار، مخدوم حسنین اور شعیب خان ترین شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، شبلی فراز، فواد حسین اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران تمام سیاسی رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا اور عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما مخدوم فضل ممبر نے این اے 223 میں الیکشن میں حصہ لیا تھا اور 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔ اس حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم جمیل الزمان نے فتح حاصل کی تھی۔