کراچی: (دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ آج جامع مسجد عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کلفٹن میں ادا کی جائے گی اور تدفین وہیں مزار کے احاطے میں ہو گی۔ منیجر اوقاف مزار عبداللہ شاہ غازیؒ حاجی پنو خان کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنی وزارت کے دوران قبر کی جگہ رقم کے عوض مختص کروا دی تھی۔
عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹرسیدہ بشریٰ نے سابقہ شوہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کے دونوں وارثین احمد اور دعا عامر نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کر دیا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق مرحوم کو عزت واحترام کے ساتھ ان کی آخری آرام گاہ تک لے جایا جائے گا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ جامع مسجد عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کلفٹن میں ادا کی جائے گی اور تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ مزار کے احاطے میں ہو گی۔ جس احاطے میں تدفین ہوگی وہ شیخ لیاقت حسین کمپاؤنڈ کے نام سے ہے۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کمپاؤنڈ میں چار تدفین ہوچکی ہیں جبکہ 2007 میں عامر لیاقت نے 5 قبریں الاٹ کرائی تھیں، احاطے میں عامر لیاقت حسین کے والدین، نعت خواں خورشید احمد اور پہلی اہلیہ کے والد مدفن ہیں۔