کراچی:(دنیا نیوز) ڈاکٹر عامر لیاقت کے لواحقین اور پولیس کے معاملات طے پا گئے، میت حوالے کر دی گئی، تدفین پوسٹمارٹم کے بغیر ہوگی، عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔
گزشتہ روز انتقال کر جانے والے رکن قومی اسمبلی و معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت کے ورثا اور پولیس میں معاملات طے پاگئے، عامر لیاقت کی میت ورثا کے حوالے کرنے کردی گئی، نماز جنازہ بغیر پوسٹ مارٹم کے ادا کی جائے گی۔
عامر لیاقت کے کفن دفن کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں، لاش حوالگی کے لیئے کاغذی کارروائی کی گئی، عامر لیاقت کی لاش ان کے صاحبزادے احمد کے حوالے کی گئی، مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار پر ہوگی۔
اس حوالے سے رمضان چھیپا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی فیملی پوسٹ مارٹم نہیں چاہ رہی تھی، عدالت نے میت خاندان کے حوالے کرنے کی اجازت دی، فیملی عامر لیاقت حسین کی وصیت کے مطابق تدفین کرے گی۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے معاملے پر اہلخانہ نے عدالت سے رجوع
قبل ازیں ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے معاملے پر ان کے اہلخانہ نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کے اہلخانہ سٹی کورٹ پہنچے، ورثا کا موقف تھا کہ بچے اپنے والد کا پوسٹمارٹم نہیں کروانا چاہتے تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر پوسٹمارٹم کروانا ضروری ہے۔
دوسری جانب پولیس افسران بھی عدالت پہنچے، ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو صورتحال سے آگاہ کریں گے، اگر عدالت نے اجازت دی تو میت ورثا کے حوالے کر دیں گے۔