شمالی وزیرستان، نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4دہشتگرد ہلاک

Published On 07 June,2022 06:50 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) امن دشمنوں کیخلاف شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

نوشکی میں بھی سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دو دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، کلیئرنس آپریشن شروع کے دوران دہشت گردوں نے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد خاران اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی نصب کرنے کے علاوہ دیگر واقعات میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشتگرد یہ اسلحہ اورگولہ بارود امن و امان میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔